ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوستانی سائنسدانوں کی جدوجہد کو سلام،لیکن ویکسین کی اضافی قیمت اور اس کی برآمد پرجواب دے حکومت

ہندوستانی سائنسدانوں کی جدوجہد کو سلام،لیکن ویکسین کی اضافی قیمت اور اس کی برآمد پرجواب دے حکومت

Mon, 18 Jan 2021 10:46:52    S.O. News Service

نئی دہلی،18؍جنوری (ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس نے کورونا کے علاج کے لیے ریکارڈ وقت میں ویکسین بنانے پر ہندوستانی سائنسدانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملک کو ان کا مقروض قرار دیا، لیکن حکومت سے پوچھا کہ وہ ٹیکے مہنگی شرح پر کیوں فروخت کر رہی ہے اور سب کی ٹیکہ کاری کیے بغیر کس بنیاد پر اس کی برآمد کو اجازت دے رہی ہے -

کانگریس میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے اتوار کے روز یہاں خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ پورا ملک اپنے سائنسدانوں، کیمسٹ اور محققین کی صلاحیت، عزم محکم اور ان کی انتھک محنت کو سلام کرتا ہے کہ انہوں نے ریکارڈ وقت میں کورونا وبا کی تباہی سے لڑنے کے لیے ہندوستان میں ٹیکہ تیار کیا- اس مقصد سے پورا ملک ان کا مقروض ہے اور ہمیں اپنے سائنس دانوں پر فخر ہے - انہوں نے کہا کہ ٹیکہ آ گیا لیکن حکومت اسے مہنگی شرح پر فروخت کر رہی ہے - ان کا کہنا تھا کہ ’کووی شیلڈ‘ ایک’ایسٹرازینیکا ویکسین‘ ہے جسے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا نے بنایا ہے - یہ ویکسین حکومت ہند کو200روپئے فی خوراک کی شرح سے دے کر منافع کما رہی ہے، جبکہ بیلجیئم کے وزیر ایوا ڈے بلیکر کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں اس ایسٹرازینیکا ویکسین کی قیمت انڈین کرنسی میں 158روپئے ہے - ترجمان نے سوال کیا کہ حکومت ہند ایسٹرازینیکا ویکسین کے لیے زیادہ رقم یعنی200روپئے کیوں لے رہی ہے - اسی طرح ویکسین کی قیمت کھلے بازار میں ایک ہزار روپئے بتایا گیا-

انہوں نے کہا کہ خود سیرم انسٹی ٹیوٹ کے سی ای او اَدَر پونہ والا نے 11جنوری کو واضح طور پر کہا تھا کہ’کووی شیلڈ ویکسین‘کھلے بازار میں 1000روپئے فی خوراک میں فروخت کریں گے یعنی کسی شخص کو کورونا ٹیکہ کے لیے ضروری دو خوراکوں کی قیمت دو ہزار روپئے دینے ہوں گے-مسٹر سرجے والا نے ٹیکہ کی برآمد کی اجازت دینے پر بھی سوال اٹھائے اور کہا کہ ہندوستان سے برازیل کو اس ویکسین کی20لاکھ خوراک کی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی ہے - انہوں نے کہا کہ ملک کی پوری آبادی کو ٹیکہ لگائے جانے سے قبل ویکسین کی برآمد کی اجازت کس بنیاد پر دی گئی ہے -

انہوں نے ویکسین کی قیمت اور اس کی برآمد میں شفافیت اختیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سبھی کے لیے کورونا ویکسین حکومت کی پالیسی ہونی چاہئے اور ملک کے عوام کی مفت ٹیکہ کاری ہونی چاہئے- آتم نربھر بھارت کے حوالے سے مسٹر سرجے والا نے کہا کہ ملک نے خود کفیلی 4-6سالوں میں حاصل نہیں کی ہے - یہ آزادی کے بعد73سال کی محنت کا نتیجہ ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری کی مہم میں حاملہ خواتین-اطفال سمیت ہم40کروڑ مفت ٹیکے سالانہ ملک کے شہریوں کو لگاتے ہیں - انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد کانگریس کی حکومت نے سائنسی تحقیقات کو فروغ دیا، وسیع پیمانے پر پھیلی اندھی عقیدت کو ختم کیا، قومی سطحی پر کئی ٹیکہ کاری کی مہم شروع کی- ٹیکہ کاری کے ذریعے سے 73سال میں ملک نے ٹی بی، چیچک، پولیو، جذام، خسرہ، ٹِٹنیس، ڈپتھیریا، کالی کھانسی، ہیضہ، دماغی بخار اور ذہنی سوجن جیسی بیماریوں کو شکست دی ہے -


Share: